4 مارچ 2012 - 20:30

ہندوستان میں نئے اور تجدید پذیر توانائي کے وسائل کے وزیر فاروق عبداللہ نے اتوار کی شب تہران میں صدر ڈاکٹر احمدی نژاد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ تسلط پسندوں کا مقابلہ اور حق کو باطل پر کامیابی دلانے کے لئے جدوجہد کرنا اھل عالم کے لئے دونوں ملکوں کی قوموں کا پیغام اور باہمی تعلقات کو فروغ دینےکی راہ ہے۔

ابنا : صدر جناب احمدی نژاد نے ہندوستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مواقف، مفادات اور دشمنوں کو مشترک قراردیا اور کہا کہ ہند و ایران کو اپنی توانائيوں سے دوطرفہ علاقائي اور عالمی سطح پر تعاون اور تعلقات میں فروغ لانے کے لئے استفادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتیں ایران اور ہندوستان کی ترقی کی مخالف ہیں اور دشمنوں نے مختلف بہانوں سے ملت ایران پر پابندیاں لگادی ہیں اور اب ہندوستان کو علاقائي اور قومی و قبائلی اختلافات کا شکار بناکر اس کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ صدرجناب احمدی نژاد نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہندوستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں کسی طرح کی محدودیت کا قائل نہیں ہے۔ اس موقع پر ہندوستان کے وزیر توانائي فاروق عبداللہ نے کہا کہ ایران علاقے میں امن و صلح اور ترقی کی برقراری میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی حکومت اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی میدانوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات میں فروغ لانے کی خواہاں ہے۔ فاروق عبداللہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف سامراج کی سازشوں اور ایٹمی سائنس دانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران کےخلاف غیر انسانی اقدامات سے ترقی و اھداف حاصل کرنے میں اس کے عزم و ارادے میں خلل نہیں آسکتا۔

فاروق عبداللہ نے شام کے حق میں ایران کے مواقف کی حمایت کرتےہوئے کہا کہ ہندوستان بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی طرح ملکوں کے اقتدار اعلی اور خود مختاری کا احترام کرتا ہے اور دیگر ملکوں کے امور میں مداخلت نہ کرنے کے اصول کا پابند ہے۔یاد رہے فاروق عبداللہ ہندوستان میں انرجی کے نئے اور تجدید پذیر ذرائع کے وزیر ہیں۔ ....... /169